تھانے، 11؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ضلع میں حالیہ مانسون میں بارش سے متعلق کئی حادثات میں اب تک 30افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 4 دیگر اب بھی لاپتہ ہیں۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے آج جاری ایک سرکاری ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں، جن کی موت بھیونڈی میں دو عمارتوں کے گرنے کی وجہ سے ہوئی تھی۔ریلیز میں ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ ضلع میں اب تک 2262.71ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ بھاری بارش کی وجہ سے ضلع کے 6 تعلقہ کے کل 40گاؤں متاثر ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ بارش کی وجہ سے پیش آئے حادثات میں 33افراد زخمی ہوئے جبکہ تقریبا 110مکانات کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 13مکان مکمل طورپر تباہ ہو گئے ہیں ۔